ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سوئس بینک میں ہندوستانیوں کی رقم میں 50 فیصد اضافہ کو لے کر مایاوتی کا مودی حکومت حملہ

سوئس بینک میں ہندوستانیوں کی رقم میں 50 فیصد اضافہ کو لے کر مایاوتی کا مودی حکومت حملہ

Mon, 02 Jul 2018 00:16:05    S.O. News Service

لکھنؤیکم جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہندوستانیوں کے سوئس بینکوں میں جمع رقم میں 50 فیصد اضافہ کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کو گھیرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) صدر مایاوتی نے اتوار کو کہا کہ غریبوں کے اکاونٹ میں 15۔15 لاکھ روپے ڈلوانے کا انتخابی وعدہ کرنے والے وزیر اعظم مودی کو اس بارے میں ملک کے عوام کو صفائی دینی چاہئے۔

مایاوتی نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ سوئس بینک میں ہندوستانیوں کے جمع فنڈز میں 50 فیصد کے اضافے کا کریڈٹ کیا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور وزیر اعظم مودی کی حکومت لینا پسند نہیں کرے گی۔ ہندوستان میں کمائی گئی دولت غیر ملکی بینکوں میں کیوں ہے ، اس کی جانکاری دینے کے لیے وزیر اعظم مودی کو آگے آنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت امیر طبقوں اور مالداروں کے مفاد کے لیے کام کرنے والی حکومت ہے۔ یہ حکومت مکمل طور پر غریب، مزدور، کسان مخالف ہے۔ بی جے پی حکومت جواب دے کہ اس حکومت میں امیر اور زیادہ امیر اور غریب اور زیادہ بدحال کیوں ہوتے چلے جا رہے ہیں۔بی ایس پی صدر نے کہا کہ سوا سو کروڑ کے اس ملک میں صرف کچھ لوگوں کو دکھاوے کے لئے گیس سلنڈر دے کر اس کے پروپیگنڈہ میں زمین آسمان ایک کر دینا حقیقت میں سطحی انتخابی سیاست ہے۔

محترمہ مایاوتی نے کہا کہ امریکہ میں ہندوستانیوں کے استحصال اور گرفتاری وغیرہ کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کی خاموشی اس کی کمزوری کو ثابت کرتی ہے۔ ہندوستانی پاسپورٹ ہولڈرز کے مفاد اور سلامتی کی ضمانت کے سلسلے میں مودی حکومت کو مناسب اقدامات فوری طور پر اٹھانا چاہیے۔

بی ایس پی صدر نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے مندسور میں سات سال کی بچی کے ساتھ گینگ ریپ کا واقعہ انتہائی قابل مذمت اور انتہائی شرمناک ہے۔ اس معاملہ میں حکومت کو سخت قدم اٹھانا چاہیے۔


Share: